ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنڑا کی خاطر ریاست میں کوئی گندی سیاست نہیں ہوگی: سدرامیا

کنڑا کی خاطر ریاست میں کوئی گندی سیاست نہیں ہوگی: سدرامیا

Thu, 02 Nov 2017 12:37:21    S.O. News Service

بنگلورو،یکم نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاستی حکومت نے کنڑا کی ترقی کیلئے جن اقدامات کا اعادہ کیا ہے ان کو بطور چیلنج مکمل کیا جائے گا۔ کنڑا زبان کے مفادات کی حفاظت کے سلسلے میں ریاستی حکومت کسی طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر کام کرنا چاہتی ہے، یہ بات آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ یوم راجیواتسوا کے موقع پر آل انڈیا ریڈیو پر دئے گئے پیغام میں سدرامیا نے کہاکہ کنڑا صرف الفاظ نہیں، بلکہ یہ ایک تہذیب اور یہاں سے جڑے مفادات سے وابستہ ہے، ادبی اعتبار سے کنڑا کو مالا مال قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہر علاقائی زبان کی اپنی الگ اہمیت ہوتی ہے، جس کو ملک کے آئین نے تسلیم کیا ہے۔ سدرامیا نے کہاکہ کنڑیگا انگریزی یا ہندی کے مخالفت نہیں، لیکن کنڑا کے مفادات کو نقصان پہنچا کر ہندی یا انگریزی مسلط کرنے کے خلاف ہیں۔ حال ہی میں بنگلور میٹرو کے اسٹیشنوں میں ریاستی حکومت کی منظوری کے بغیر ہندی بورڈ لگائے جانے پر کنڑا تنظیموں کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ فوری طور پر ریاستی حکومت نے مداخلت کرتے ہوئے ان تمام اسٹیشنوں میں ذو لسانی فارمولے کورائج کیا اور آج یہاں تمام کے تمام کنڑا اور انگریزی بورڈ نصب کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں جب سے کانگریس حکومت اقتدار پر آئی ہے کنڑا کے معاملے میں اس نے کوئی سیاست نہیں کی اور آئندہ بھی نہیں کرے گی۔حکومت کا ماننا ہے کہ کرناٹک میں رہنے والے سب کے سب کنڑیگا ہیں ۔ریاست کیلئے علیحدہ پرچم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی امنگوں کے مطابق ریاستی حکومت نے کرناٹک کیلئے علیحدہ پرچم کی وکالت کی ہے۔ جلد ہی اس سلسلے میں قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کنڑا کی تدریس کو اور بھی بہتر بنانے کیلئے اسے جدید تیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں کنڑا کے استعمال کو عام کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔


Share: